ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی احاطہ میں شیو سینا کے ادھو اور شندے دھڑے میں تصادم

مہاراشٹر اسمبلی احاطہ میں شیو سینا کے ادھو اور شندے دھڑے میں تصادم

Wed, 24 Aug 2022 20:47:32    S.O. News Service

ممبئی،24؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے اور دیویندر فڈنویس کی حکومت بننے کے بعد سے ہی ادھو دھڑے اور شندے دھڑے میں کشیدگی برقرار ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی میں آج دونوں دھڑے ایک دوسرے سے متصادم ہو گئے۔

دراصل مانسون اجلاس کے دوران ایکناتھ شندے دھڑے اور ادھو ٹھاکرے دھڑے کے ارکان اسمبلی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ جس کے بعد دونوں دھڑے ایک دوسرے سے بھڑ گئے۔ ادھو ٹھاکرے دھڑے کے ارکان اسمبلی کے خلاف ’50 کھوکھے ایک دم اوکے‘ جیسے نعرے لگائے گئے۔

شیو سینا کے دونوں دھڑے اسمبلی ہاؤس کی سیڑھیوں پر ہی دست و گریباں ہو گئے۔ اس دوران ارکان اسمبلی نے دوسرے دھڑے کو چڑھانے کے لئے ہاتھوں میں گاجریں بھی لی ہوئی تھیں۔ خیال رہے کہ دونوں دھڑوں میں اس سے پہلے بھی کشیدگی ہوتی رہی ہے، تاہم ایکناتھ شندے نے کہا تھا کہ حزب اختلاف اپنی حدود کو عبور نہ کرے۔

خیال رہے کہ مہاراشٹر میں کافی دنوں تک جاری رہنے والے سیاسی ڈرامہ کے بعد ادھو ٹھاکرے دھڑے کی قیادت والی مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت گر گئی تھی، جبکہ ایکناتھ شندے نے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لی تھی۔


Share: